“نواز شریف نے اے پی سی سے خطاب کیا تو قانونی کارروائی کریں گے”

206

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے اے پی سی سے خطاب کیا تو قانونی کارروائی کریں گے.

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل اپنے بیان میں کہا ہے کہ اگر مفرور مجرم نواز شریف نے اے پی سی سے خطاب کیا اور ان کا خطاب نشر ہوا تو پیمرا اور دیگر قانونی آپشن استعمال ہوں گے۔

شہباز گل نے کہا کہ یہ کس طرح ممکن ہے کہ ایک مفرور مجرم سیاسی ایکٹیوٹییز کرے اور بھاشن دے، شریف خاندان جھوٹ کے علاوہ کچھ نہیں بول سکتا، اتنے جھوٹے ہیں کہ بیماری پر بھی جھوٹ بولتے ہیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کا سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف سے رابطہ ہوا جس میں لندن میں علاج کی غرض سے موجود سابق وزیراعظم نواز شریف نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری کی جانب سے اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں ورچوئل شرکت کی دعوت قبول کرلی۔

دوسری جانب مریم نواز نے والد سے رابطہ کرنے اور خیریت دریافت کرنے پر بلاول زرداری کا شکریہ اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

خیال رہے کہ پیپلزپارٹی کی میزبانی میں اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) 20 ستمبر کو اسلام آباد میں ہوگی جس میں حکومت کے خلاف لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا، اے پی سی میں اپوزیشن کی بڑی جماعتوں کی اعلیٰ قیادت کی شرکت کا امکان ہے۔