ایم کیو ایم نے جماعت اسلامی کے حقوق کراچی مارچ کی حمایت کا اعلان کردیا

399

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ ملک میں جہاں پر بھی حق تلفی ہو رہی ہے صوبے بنائیں جائیں۔

پیپلز پارٹی کی تعصبانہ حکومت کے خلاف اور کراچی کے عوام کو حقوق دلانے کے لیے 24 ستمبر کو احتجاج کیا جائے گا۔ خالد مقبول نے جماعت اسلامی کے حقوق کراچی مارچ کی حمایت کا بھی اعلان کر دیا ہے۔

بہادرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ 2018 میں کراچی کا مینڈیٹ چھینا گیا اور کرپٹ پیپلز پارٹی کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آج کی پریس کانفرنس احتجاجی مہم کا حصہ ہے جو کہ 24 ستمبر کو شروع کی جارہی ہے۔ گیارہ برس سے سندھ میں حکمران جماعت پیپلز پارٹی کو مصنوعی حکمرانی دی ہے جو کراچی شہر کو تباہ کرنے کی سازش میں مصروف ہیں۔

24 ستمبر کو کراچی کے عوام کو اپنے حقوق کیلئے سڑکوں پر آنا ہوگا تاکہ جبر کے سلسلے کو ختم کیا جاسکے۔ حصول حقوق کیلئے ملک میں جہاں بھی ضرورت ہے صوبے بنائے جائیں۔

خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ ہمیں تیس سالوں سے قومی سیاسی دھارے میں شامل نہیں کیا گیا۔ ہم سے کیے گئے کسی وعدے پر عمل نہیں کیا گیا۔ جماعت خانہ سے نکالی جانے والی ریلی کے حوالے سے آگاہی مہم کیلئے لگائے گئے بینرز اتار دیئے گئے ہیں۔ اگر ایم کیو ایم پر کوئی پابندی لگائی گئی ہے تو اس کا اعلان کیا جائے۔

پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر امین الحق، سنیئر ڈپٹی کنوینئر عامر خان، ڈپٹی کنوینئر و سابق میئر وسیم اختر اور کشور زہرہ سمیت دیگر رابطہ کمیٹی کے ارکان موجود تھے۔