قال اللہ تعالیٰ وقال رسول اللہ ﷺ

234

اگر اللہ اپنے سب بندوں کو کھلا رزق دے دیتا تو وہ زمین میں سرکشی کا طوفان برپا کر دیتے، مگر وہ ایک حساب سے جتنا چاہتا ہے نازل کرتا ہے، یقینا وہ اپنے بندوں سے با خبر ہے اور اْن پر نگاہ رکھتا ہے۔ وہی ہے جو لوگوں کے مایوس ہو جانے کے بعد مینہ برساتا ہے اور اپنی رحمت پھیلا دیتا ہے، اور وہی قابل تعریف ولی ہے۔ اْس کی نشانیوں میں سے ہے یہ زمین اور آسمانوں کی پیدائش، اور یہ جاندار مخلوقات جو اْس نے دونوں جگہ پھیلا رکھی ہیں وہ جب چاہے انہیں اکٹھا کر سکتا ہے۔ (سورۃ الشوری:27تا29)
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ تعالیٰ کی سو رحمتیں ہیں ان میں سے ایک رحمت کو اس نے تمام مخلوقات کے درمیان تقسیم کردیا ہے اسی کی وجہ سے وہ ایک دوسرے پر رحمت وشفقت کرتی ہیں اور اسی وجہ سے وحشی جانور اپنی اولاد پر شفقت کرتے ہیں اللہ نے ننانوے رحمتیں محفوظ کر رکھی ہیں ان کے ذریعے وہ روز قیامت اپنے بندوں پر رحم کرے گا۔
(مسلم، بخاری، ترمذی)