پاک افواج کے دستے کی عالمی مشقوں کی افتتاحی تقریب میں شرکت

109

راولپنڈی(صباح نیوز) روس میں کیوکاز اسٹریٹجک کمانڈ مشقیں 21 ستمبر سے شروع ہو رہی ہیں، پاکستان آرمڈ فورسز کے دستے نے فوجی مشقوں کیوکاز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ مشقیں 21 تا 26 ستمبر جاری رہیں گی، مشقوں میں شریک دستوں کی صلاحیتوں کو 2 مرحلوں میں جانچا جائے گا، یہ مشقیں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کا موقع فراہم کریں گی۔ کیوزکاز مشقیں روس کے علاقے استرکھان میں ہو رہی ہیں ان مشقوں کی سربراہی روس کے چیف آف جنرل اسٹاف کر رہے ہیں 18 ممالک ان مشقوں میں شرکت کر رہے ہیں اور 80 ہزار سے زائد اہلکاروں کی شرکت متوقع ہے۔ اگست کے آخرتک بھارت بھی ان ممالک میں شامل تھا مگر آخری لمحات میں بھارت نے ان مشقوں سے راہ فرار اختیار کرلی ہے، اب پاکستان، آذربائیجان، مصر، آرمینیا، ایران، قازقستان، کرغزستان، چین، منگولیہ، شام، تاجکستان، ترکمانستان، ازبکستان، ترکی سمیت دیگر ممالک شریک ہیں، ان مشقوں میں توپ خانہ، 400 بکتر بند گاڑیاں، آرمڈ کور اور 250 ٹینک شرکت کر رہے ہیں اس کے علاوہ راکٹ سسٹم کو بھی اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا، ان مشقوں میں نیول دستے، ائر ڈیفنس، کمبیٹ یونٹس، ٹیکنیکل سپورٹ یونٹ شامل ہیں۔