بلوچستان: سیکورٹی فورسز کا خفیہ آپریشن،4دہشت گرد ہلاک

145

راولپنڈی،بنوں (اے پی پی،صباح نیوز) سیکورٹی فورسز نے ہفتہ کو انٹیلی جنس معلومات کی بناء پر بلوچستان کے ضلع آواران کے مکران رینج میں دہشت گردوں کی موجودگی کی تصدیق پر خفیہ آپریشن کے دوران چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق آپریشن میں چار کے قریب دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ کارروائی میں دہشت گردوں کے ٹھکانے بشمول لاجسٹک مرکز کو بھی تباہ کر دیا گیا جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور مواصلات کے آلات برآمد کر لیے۔ بیان میں کہا گیا کہ اس کارروائی میں دہشت گردوں کے کئی خفیہ ٹھکانوں اور انتظامی کیمپوں کو تباہ کیا گیا۔ علاوہ ازیںشمالی وزیرستان کی تحصیل میرانشاہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے دو سیکورٹی اہلکاروں کو شہید کردیا۔ ذرائع کے مطابق واقعہ گائوں سپلگہ میں پیش آیا ہے۔ شہید اہلکاروں میں حولدار تاج بار اور سپاہی عبدالرشید شامل ہیں۔ مذکورہ شہید اہلکار چیک پوسٹ کے قریب ایک دکان سے سودا لے کر واپس جارہے تھے کہ نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے دونوں اہلکاروں کو شہید کردیا۔،سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔