سندھ حکومت سیلاب متاثرین کی امداد کرے،عوامی تحریک

97

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) عوامی تحریک، سندھیانی تحریک کی جانب سے سندھ کی تقسیم کی سازش، کراچی کمیٹی، غیر مقامی افراد کی آبادکاری، زمین پر قبضوں، پانی کی چوری، متاثرین بارش کو ریلیف کی عدم فراہمی کیخلاف اولڈ کیمپس سے حیدر آباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی جنرل سیکرٹری نور احمد کاتھیار، گل حسن، ایڈووکیٹ غفار ملک، رفیع لغاری، سندھیانی تحریک کی مرکزی صدر سیانی ڈاہری، معرا سموں، حسنہ راہو ودیگر نے کہا کہ سندھ کی تاریخ پانچ ہزار سال پرانی ہے، ہمارے بزرگوں نے دشمن سے مقابلہ کیا، اپنا وطن ہمیں دیا اس کی حفاظت ہم پر فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی تقسیم کا مطالبہ کرنے والی ہزاروں افراد کی قاتل ایم کیو ایم کے دہشت گردوں کو جیل میں ہونا چاہیے ان کو وزیر اعظم عمران خان نے اپنی گود میں بٹھایا ہوا ہے۔ وفاق میں وزارتیں دی ہوئی ہیں جو کہ سراسر ملک دشمن عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی تقسیم کا مطالبہ کرنے والوں کیخلاف آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ داخل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کراچی کمیٹی بنا کر کراچی پر وفاق کے قبضے کی سازش کررہے ہیں، جس میں پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت برابر کی شریک ہے ، یہاں تک کہ صوبائی حکومت لاکھوں غیر ملکیوں کو سندھ میں تحفظ فراہم کررہی ہے، افغانوں، بہاریوں، بنگالیوں، ہندستانیوں کو یہاں آباد کرکے مقامی افراد کے روزگار پر ڈاکا ڈالا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی بے امنی کیس میں خود عدالت عظمیٰ نے حکم دیا ہے کہ 2018ء کے انتخابات کے بعد سے آباد ہونے والے غیر ملکیوں کو نکالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سازش کے تحت مقامی افراد کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے لیے لاکھوں ایکڑ زمین بحریہ ٹاؤن، ڈی ایچ اے، ذوالفقار آباد ودیگر رہائشی اسکیموں کے لیے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری نے اپنی تقریر میں کہا کہ سندھ کے 460 ارب روپے عدالت عظمیٰ میں پڑے ہیں وہ ہمیں دیے جائیں جبکہ سندھ کے عوام کا مؤقف ہے کہ سندھ کے 460 ارب روپے سندھ کی ضرورت ہے یہ دیے جائیں جبکہ سندھ کی تمام زمینیں واگزار کرائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں بڑے پیمانے پر لوگ برسات سے متاثر ہوئے ہیں، اب تک لوگ پانی میں گھرے ہوئے ہیں۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نوٹس لیں، جبکہ بلاول زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ ان کی مدد کریں اور فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔