ٹھٹھہ، پیرا میڈیکل اسٹاف کا 13 ویں روز بھی او پی ڈی کا بائیکاٹ

140

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) پاکستان پیرا میڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کی جانب سے ایم ایس چانڈکا اسپتال ڈاکٹر ارشاد کاظمی کی مبینہ کرپشن اور ملازمین کے ساتھ نامناسب رویے کیخلاف 13 ویں روز بھی او پی ڈی کا بائیکاٹ کرکے سول اسپتال مین گیٹ کے سامنے علامتی بھوک ہڑتال کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا، جہاں انہوں نے شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر پیرا میڈکس رہنماؤں ضمیر سانگی، منور منگی، غلام حسین لانگاہ، غلام مصطفی کلہوڑو، عبدالجبار ناریجو و دیگر نے الزام عائد کیا کہ 19 گریڈ کے ایم ایس ڈاکٹر ارشاد کاظمی نے 26 کروڑ روپے کے بل میں کرپشن کرکے اسپتال کو تباہ کردیا ہے، جب ان کیخلاف کوئی آواز اٹھائے تو انہیں کراچی رلیو کرکے اس کی آواز کو دبانے کی کوشش کی جاتی ہے جبکہ ایم ایس کا ملازمین کے ساتھ بھی رویہ بہتر نہیں، جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ، صوبائی وزیر صحت سمیت دیگر سے اپیل کرتے ہیں کہ جلد از جلد ایس ایم کو عہدے سے ہٹاکر 20ویں گریڈ کے ایم ایس کو اسپتال میں تعینات کرکے ان کے مبینہ کرپشن کی تحقیقات کروائی جائے بصورت دیگر پیر کے روز ایمرجنسی کے علاوہ تمام اسپتالوں میں کام چھوڑ ہڑتال کرکے احتجاج کیا جائے گا۔ دوسری جانب احتجاج کے باعث دور دراز سے آنے والے مریضوں اور ان کے ورثاء کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جو بغیر علاج معالجے کے اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے۔