ٹنڈوالہٰیار:اشیاء خورو نوش کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ

105

ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) مہنگائی میں اضافے کا تسلسل جاری، ٹماٹر، برائلر مرغی ،گندم، چینی سمیت دودھ بھی مہنگا ہوگیا،پیاز، لہسن، چائے کی پتی، گرم مصالحہ جات کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے،ہفتہ وار بنیادوں پرمہنگائی کی شرح میں0.71فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیا، اس عرصے میں 26اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ،3 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور22 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ ملک لاک ڈائون کے خاتمے کے بعد بھی مہنگائی کے چنگل سے نہ نکل سکا۔ کووڈ 19 سے نبرد آزما حکومت سے مہنگائی کنٹرول نہ ہوسکی۔ ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی کے ہفتہ وار اعدادو شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں0.71 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے،جس کے بعد ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 8.72 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ٹماٹر، برائلر مرغی، آٹا، چینی، پیاز، لہسن، چائے کی پتی، گرم مصالحہ جات سمیت تازہ دودھ سب مہنگائی کی زد میںہے۔ گزشتہ ہفتے کے دوران 26اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔گزشتہ ہفتے انڈوں کی فی درجن قیمت میں 7 روپے کا اضافہ ہوا جبکہ 28 فیصد اضافہ کے ساتھ ٹماٹر 20روپے فی کلو مہنگا ہوا۔ ٹماٹر کی فی کلو قیمت 71 روپے سے بڑھ کر 91روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ برائلر مرغی فی کلو 8.50روپے جبکہ ایک ہفتے کے دوران دال ماش اور دال مونگ 2 روپے فی کلو تک مہنگی ہوگئی ہیں۔ اس دوران چینی کی فی کلو قیمت میں حالیہ اضافے کے بعد 94 روپے 72 پیسے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق 17 ہزار روپے تک آمدنی رکھنے والے شہریوں کے لیے مہنگائی کی شرح 11.67 فیصد شمار کی گئی ہے جبکہ 17 سے 23 ہزار روپے تک کمانے والوں کے لیے مہنگائی کی شرح 11.37 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ ہفتے کے دوران دودھ، دہی، خشک دودھ، لکڑی سمیت لہسن، گڑ، کوکنگ آئل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دوسری طرف ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر13 روپے اور آلو فی کلو 16 پیسے سستے ہوئے جبکہ اس دوران چاول، نمک، بریڈ سمیت 26 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ دوسری جانب ادارہ شماریات کے ہفتہ وار اعدادو شمار کے برعکس اشیائے ضروریہ کی قیمتیں زیاد ہ بڑھی ہیں۔