ٹنڈو آدم پولیس منشیات فروشوں کی سرپرستی کررہی ہے، ایاز میمن

122

ٹنڈو آدم (نمائندہ جسارت) خاصخیلی برادری کے پُرامن احتجا ج پر فائرنگ میں مارے جانے والے نوجوان کے مقدمے میں نامزد مرکزی ملزم کی عدم گرفتاری پر راجونا اتحاد اور خاصخیلی جماعت کی احتجاجی ریلی و دھرنا، احتجاجی تحریک کا اعلان۔ گاؤں تارا باغ کے قریب 20 روز قبل منشیات فروشوں کیخلاف خاصخیلی برادری کے پُرامن احتجاج پر فائرنگ میں جاں بحق نوجوان اکبر خاصخیلی کے قتل میں نامزد مرکزی ملزم گل حسن جدگال، امجد اور جمال جدگال کی گرفتاری کے لیے مختلف برادریوں پر مشتمل نیشنل الائنس رہنما ایاز میمن، پی ٹی آئی رہنما عبدالرزاق میمن، غلام دستگیر اوڈھانو نے حیدر آباد روڈ سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی میں مختلف برادریوں سے تعلق رکھنے والوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر عبدالرزاق میمن، سرائی نیاز خاصخیلی، ایاز میمن نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹنڈو آدم پولیس منشیات فروشوں کی سرپرستی کررہی ہے۔ 20 روز قبل جاں بحق ہونے والے نوجوان کے قتل میں مرکزی ملزم کو گرفتار کرنے کے بجائے پشت پناہی کررہی ہے۔ مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی موجودگی میں بے گناہ نوجوان کو گولیاں ماری گئیں۔ پولیس نے مرکزی ملزم کو سات روز کے اندر گرفتار نہ کیا تو مجبوراً مختلف شہروں میں احتجاجی تحریک کا اعلان کیا جائے گا۔