ٹنڈوالہٰیار، کورونا کے دوران دیے گئے فنڈ کا حساب لینے کا فیصلہ

149

ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) سندھ حکومت نے کورونا وائرس کے دوران بلدیاتی نمائندوں اور افسران کو دیے جانے والے فنڈ کا حساب لینے کا فیصلہ کرلیا۔ سندھ کی میونسپل کارپوریشنز اور ٹائون کمیٹیوں کا کورونا میں اخراجات پر آڈٹ کیا جائے گا، میونسپل کمشنرز، چیف افسران سمیت دیگر سے حساب کتاب ہوگا۔ آڈٹ حکام نے سندھ میں کورونا وائرس کے دوران بلدیاتی اداروں میں اخراجات کا حساب مانگ لیا، جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مارچ سے جون تک کے اخراجات کا حساب دیا جائے، تفصیلات نہ دینے والے افسران کیخلاف سخت ایکشن ہوگا۔ سندھ کے بلدیاتی اداروں میں احتساب کاعمل تیزی سے شروع ہوگیا ہے اور آڈیٹر جنرل کی ہدایت پر سیکرٹری بلدیات حرکت میں آگئے ہیں۔ محکمہ بلدیات سندھ کے سیکرٹری نے صوبے کے 68 بلدیاتی اداروں کا 24 ستمبر کو آڈٹ کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا، سیکرٹری بلدیات اکائونٹس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ میونسپل کمشنرز 19 مارچ سے جون تک اخراجات کی تفصیل فراہم کریں اور اخراجات کے بارے میں بھی آگاہ کریں کہ فنڈز کہاں خرچ ہوئے۔ اخراجات کی تفصیلات فراہم نہ کرنے اور اجلاس میں شرکت نہ کرنے والے میونسپل افسران کیخلاف محکمہ جاتی کارروائی ہوگی۔