سکھر میں بے امنی کی وارداتوں پر قابو پایا جائے ،میمن ہارون

99

سکھر (نمائندہ جسارت) آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے بانی و قائد حاجی محمد ہارون میمن کی قیادت میں تاجروں کے نمائندہ وفد نے ایس ایس پی سکھر عرفان سموں کے سامنے چوری ڈکیتی اور لوٹ مار کی وارداتوں کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیے۔ حاجی محمد ہارون میمن نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں نے تاجروں اور شہریوں کو غیر محفوظ کرکے رکھ دیا ہے شہید گنج کی 2 دکانوں کے تالے توڑ کر چوری کی واردات اور ریس کورس روڈ پر بیٹری کی دکان میں لوٹ مار کا واقعہ بدامنی ہے قیام امن کے لیے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کیے جائیں اور مسروقہ سامان موبائل فونز اور نقدی واپس کرائی جائیں۔ ایس ایس پی عرفان سموں نے حاجی محمد ہارون میمن اور دیگر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکھر شہر سمیت پورے ضلع میں جرائم پیشہ عناصر کیخلاف گھیرا تنگ کردیا گیا، بدامنی پھیلانے والے امن دشمنوں کو نہیں چھوڑیں گے۔ شہریوں اور تاجروں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی ذمے داری ہے، تاجروں نے ہمیشہ تعاون کیا ان کا مسئلہ ہمارا مسئلہ ہے۔ تجارتی علاقوں میں پولیس گشت میں اضافہ کیا گیا، افسران و اہلکاروں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ قیام امن کے لیے اپنے فرائض ذمے داری سے ادا کریں۔ ایس ایس پی سکھر عرفان سموں کا کہنا تھا کہ چوری ڈکیتی اور لوٹ مار کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کیے ہیں، جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں کو ختم کرنے کے لیے پولیس فورس اپنا کام کررہی ہے۔ تجارتی مراکز میں وارداتوں کا مقصد پولیس کو ناکام ظاہر کرنا ہے مگر ہم ان امن دشمن عناصر کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے بلکہ تعاقب کرکے انہیں گرفتار کیا جائے گا ان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جلد ملزمان کو گرفتار کرکے مسروقہ اشیاء برآمد کرائیں گے۔