لاپتا سیاسی کارکنان کو منظر عام پر لایا جائے، سندھ یونائیٹڈ پارٹی

101

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) ایس یو پی کی جانب سے سیاسی کارکنان کی گمشدگی کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ اور بھوک ہڑتالی کیمپ قائم۔ سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے ضلعی رہنائوں منظور میمن، لا لا اسد پٹھان سمیت دیگر کی قیادت میں میرپور خاص پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا گیا، جس میں دیگر لوگوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلعی رہنائوں نے کہا کہ گزشتہ کئی عرصے سے سیاسی کارکنان کو جبری طور پر اغوا کر کے لاپتا کیا جارہا ہے جو کہ افسوس ناک اور قانون کی خلاف ورزی ہے، ایسے عمل کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں اگر کوئی سیاسی کارکن کسی غیر قانونی عمل میں ملوث ہے تو اسے گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جانا چاہیے، جبکہ لاپتا ہونے والے سیاسی کارکنان کے ورثا سٹرکوں پر احتجاج کررہے ہیں، لاپتا کارکنان کے خاندان کے افراد اپنے پیاروں کی تلاش میں پریشان ہیں۔ یہ ایک اہم معاملہ ہے حکومت کو چاہیے کہ اس صورت حال پر غور کریں۔ انہوں نے اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی تنظیموں سمیت دیگر حکومتی اداروں سے اپیل کی کہ لاپتا کارکنان کو فوری طور پر منظر عام پر لایا جائے۔