مسلم لیگ ن لاہور کے سنئیر نائب صدر جماعت اسلامی میں شامل

96

لاہور(نمائندہ جسارت) مسلم لیگ نون لاہور ڈویژن کے سینئر نائب صدر راجا رستم ظہیر نے درجنوں با اثر افراد سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کردیا ،راجار ستم ظہیر اور انکے ساتھیوں کے اعزاز میں پتوکی میں شمولیتی تقریب منعقد کی گئی ، جس سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم ، پنجاب کے امیرجاوید قصوری ضلعی اختر علی،سیکرٹری سردار نور احمد ڈوگر،گروپ لیڈر حاجی محمد رمضان اور نئے شامل ہونے والے راجا رستم ظہیر ایڈووکیٹ اور دیگر نے خطاب کیا۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیرالعظیم نے کہا کہ ہماری منزل ملک میں شاندار اسلامی انقلاب ہے۔تمام سیاسی پارٹیوں نے عوام کو لوٹنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔اب عوام کے پاس جماعت اسلامی کے سوا کوئی آپشن
نہیں۔امیر العظیم نے کہا کہ عوام کی گردنوں پر سوار جاگیردار، وڈیرے، سرمایہ دار چڑھتے سورج کے پجاری ہیں جو بار بار پارٹیاں بد ل کر نئے چہروں کے ساتھ اقتدار پر قبضہ کر لیتے ہیں۔ جب تک اقتدار کے ایوانوں پر ان کرپٹ افراد کا قبضہ ہے ملک کے حالات تبدیل نہیں ہوں گے۔ ملک میں آئین وقانون کی حکمرانی ہی جمہوریت کی بالادستی اورترقی کی ضامن ہے۔تمام ترقی یافتہ ممالک نے اسی راستے پر چلتے ہوئے دنیامیں اپنا لوہامنوایاہے۔ملکی حالات کی بے یقینی نے عوام کو مایوس کر دیا ہے۔ حکمرانوں کے عاقبت نااندیش فیصلوں نے ملکی معیشت کابیڑا غرق کرکے رکھ دیا ہے۔ملک کی موجودہ سنگین صورتحال کے باعث پوری قوم اور بیرون ملک آباد پاکستانی بے انتہا پریشان ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں برسوں سے جاری کرپٹ نظام کو ختم کرنے کا وقت آن پہنچاہے۔مٹھی بھر اشرافیہ پورے ملک پرقابض ہے 74برس سے جاگیرداروں،وڈیروں اور سرمایہ داروں نے عوام کو یرغمال بنایاہواہے۔ ناقص حکومتی پالیسیوں کی بدولت غریب غریب تر اور امیر امیر ترہوتا چلاجارہاہے۔ انہو ں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں ایسا نظام چاہتی ہے جس میںکمزوروں کو بھی وہی حقوق حاصل ہوں جو وزیروں اورمشیروں کو حاصل ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے سابق سیاسی پارٹیوں کی پالیسیوں سے اکتائے اور اسلامی انقلاب کے خواہش مند ہزاروں افراد جوق در جوق جماعت اسلامی میں شامل ہو رہے ہیں ان شا ء اللہ آئندہ بلدیاتی اور قومی انتخابات میں جماعت اسلامی بڑی قوت بن کر ابھرے گی اور عوام کے مسائل حل کرے گی۔