زراعت کو جدید خطوط پر استوار کررہے ہیں، فواد چودھری

99

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چودھری فواد نے کہا ہے کہ زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کررہے ہیں، ابتدائی طور پر ٹیکنالوجی پر مبنی 500 فارمز تشکیل دیے جائیں گے۔ اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ زرعی
شعبے کو ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی سمجھا جاتا ہے اور جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے کے ذریعے مجموعی ترقیاتی مصنوعات میں بڑا حصہ ڈال سکتا ہے لہٰذا ان کی وزارت زراعت کے طریقوں کو بہتر بنانے اور مختلف فصلوں کی پیداواری سطح کو فروغ دینے کے لیے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے کی کوشش کر رہی ہے جس سے معیشت کو فروغ ملے گا اور ساتھ ہی کسان خوشحال ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ کے تحت 2 ، 5 اور ساڑھے 12 ایکڑ فارموں کو ڈرون، واٹر سنسر، کیڑے مار ادویات، پیکیجنگ کی سہولت، بیجوں کا انتخاب وغیرہ سمیت ٹیکنالوجی پیکیج دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کھیتوں کو ہموار کرنے سے فارم کی سطح پر نہری پانی سے زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے۔