حکومت مخالف اے پی سی آج ہوگی

282

اسلام آباد: اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرس (اے پی سی) آج اسلام آباد میں ہوگی.

اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی آج اسلام آباد میں ہوگی جس میں سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزیر اعظم نوازشریف ویڈیو لنک کے ذریعے اے پی سی میں شرکت کریں گے.

پیپلز پارٹی کا وفد بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں شریک ہوگا جس میں یوسف رضا گیلانی، قمرزمان کائرہ، شیری رحمان سمیت دیگررہنما شامل ہیں.

ن لیگ کی جانب سے شہباز شریف کی قیادت میں 11 رکنی وفد شرکت کرے گا جس میں مریم نواز، شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، خواجہ آصف اور دیگر رہنما شریک ہونگے جبکہ جے یو آئی کی جانب سے مولانا فضل الرحمان، مولانا عبدالغفور حیدری اور اکرم خان درانی شریک ہوں گے۔

اے پی سی میں حکومتی دو دسالہ کارکردگی پر غور ہوگا اور ساتھ ہی حکومتی ناکامیوں کو بھی اجاگر کیا جائے گا جبکہ مولانا فضل الرحمن سمیت دیگر تمام جماعتیں حکومت گرانے اور ملک گیر منظم تحریک چلانے کا مطالبہ کریں گی اور حکومت کے خلاف لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا، اے پی سی میں اپوزیشن کی بڑی جماعتوں کی اعلیٰ قیادت کی شرکت کا امکان ہے۔

دوسری جانب نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق نوازشریف کی جانب سے وطن واپسی کا اعلان بھی متوقع ہے.

یاد رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس پیپلزپارٹی کی میزبانی میں آج ہوگی جبکہ حکومت نواز شریف کا خطاب نشر ہونے سے روکنے کے لیے پیمرا کے ذریعے نجی ٹی وی چینلز کو کنٹرول کرنے کے لیے متحرک ہو گئی ہے اور خبردار کیا ہے کہ اگر مجرموں کا خطاب نشر کیا گیا تو سخت کارروائی کی جائے گی۔

علاوہ ازیں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول نے مولانا فضل الرحمن سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات بھی کی تھی اور دونوں رہنماؤں نے اے پی سی کے ایجنڈے اور اعلامیے پر غور کیا، ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بلاول کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی حکمت عملی کل سامنے آ جائے گی اور مولانا فضل الرحمن کے ساتھ بہت اچھا اور تفصیلی تبادلہ خیال ہوا.

مولانا اے پی سی میں شریک ہوں گے ، اے پی سی کے بعد کل تفصیلی پریس کانفرنس ہوگی متحدہ اپوزیشن کا متفقہ لائحہ عمل سب کے سامنے آئے گا.