پاکستان ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے‘ جنرل راحیل شریف

150

مسرت خلیل

اسلامی عسکری اتحاد کے کمانڈر اور سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاکستان دشمن کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ جنرل (ر) راحیل سعودی عرب میں سفارت خانہ پاکستان کے زیراہتمام یوم دفاع کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں پاکستانی سفیر راجا علی اعجاز اور او آئی سی میں پاکستان کے مستقل سفیر رضوان سعید شیخ بھی شریک تھے۔ جنرل (ر) راحیل شریف نے کہا کہ یوم دفاع کا دن ہمیں جنگ ستمبر کی یاد دلاتا ہے۔ پاک فوج پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی ماہر ہے اور پاکستان عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو ہمیشہ اجاگر کرتا رہے گا۔ پاکستانی سفیر راجا علی اعجاز نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں دفاع وطن کی خاطر جام شہادت نوش کرنے والوں پر فخر ہے۔ سعودی عرب میں پاکستان کی جانب سے تعینات ملٹری اتاشی بریگیڈیئر راجا ہارون نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔
یوم دفاع کی مناسبت سے دوسری تقریب قونصلیٹ جنرل پاکستان جدہ میں ہوئی، جس میں مادر وطن کی خدمت اور ملک کی خاطر اپنی جانیں نچھاور کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیاگیا۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے مختلف طبقات سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد پاکستان اور سعودی عرب کے قومی ترانے پیش ہوئے اور صدر مملکت و وزیر اعظم پاکستان کے خصوصی پیغامات شرکا کو سنائے گئے۔
قونصل جنرل آف پاکستان نے اپنے خطاب کے دوران پاکستانی مسلح افواج کے بہادر جوانوں کی قربانیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے شہدا کی قربانیوں اور ان کے بہادر خاندانوں کے حوصلے کو سراہا۔ پاکستانی قونصل جنرل نے تمام چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے پاکستانی قوم کے عزم کا اعادہ کیا اور دنیا کو درپیش عصری مسائل سے نمٹنے کے لیے اقوام عالم کے مابین تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔
تقریب کے دوران قونصل جنرل نے 4 افراد کو تعریفی سرٹیفکیٹ بھی دیے۔ تقریب کے اختتام پر شہدائے پاکستان، ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔ اس سے قبل پاکستان کی مسلح افواج کی شراکت سے متعلق ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی تھی۔ کورونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے تقریب میں شرکا کی تعداد کو محدود رکھا گیا تھا۔