اٹک، مسلح افراد کا بیوہ کے گھر پر حملہ، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال

95

اٹک (آن لائن) چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال، 5 مسلح افراد کا بیوہ کے گھر پر حملہ، کلاشنکوف پسٹل اور بندوق سے اندھا دھند فائرنگ ، پیٹرول ڈال کر پورے گھر کو آگ لگا دی ،3 لاکھ روپے ودیگرسامان جل کر خاکستر ، چھریوں کے وار سے بیوہ کا جواں سال بیٹا شدید زخمی، مقدمہ درج۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ بسال پولیس کو بیوہ نسرین اختر نے بتایا کہ میرا شوہر قمر علی 5 سال قبل فوت ہو چکا ہے میرے 3 بیٹے اور 4 بیٹیاں ہیں 8 سے 9 روز قبل ہم نے میرے شوہر کا وراثتی مکان جس میں رہائش پذیر ہیں فروخت کردیاجس کا ہمارے گھر پر دھاوا بولنے والے ادریس عباس اور سید ریاض شاہ وغیرہ کو رنج تھا کیوں کہ یہ بدمعاشی کے زور پر ہتھیانا چاہتے ہیں، رات تقریباً 8 بجے ادریس عباس، فضل عباس ،ریاض شاہ،حیدر علی اور سید ابن عباس نے مسلح ہوکرہمارے گھر پر چادر اور چار دیواری کاتقدس پامال کرتے ہوئے دھاوا بول دیا اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، میرے کپڑے پھاڑے میری جوان بیٹیوں اور بہو کو گھسیٹا اور زد وکوب کیا ،میرے جواں سال بیٹے زاہد اقبال کو چھریوں اور لاتوں مکوں کے پے در پے وار کر کے مضروب کردیا اسی دوران ابن عباس اور دیگر نے پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی جس کے نتیجے میں گھر میں مکان کے فروخت سے ملنے والی رقم 3 لاکھ روپے ، ضروری دستاویزات ، کپڑے بچیوں کے جہیز کا سامان وغیرہ جل کر خاکستر ہوگیا ۔ایس ایچ او تھانہ بسال عبدالرشید نے بیوہ کو یقین دہانی کرائی کہ ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔