فیصل آباد کی سبزی منڈی بنیادی سہولیات سے محروم

72

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی113کے امیررانا طٰہٰ خان نے کہا ہے کہ پنجاب کی بڑی سبزی و فروٹ منڈی فیصل آبادسدھار میں سہولیات کے فقدان اور صفائی کے ناقص انتظامات کے سبب آڑھتیوں اور خریداری کے لیے آنے والے ہزاروں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، گندے پانی کا عدم نکاس لوگوں کیلیے درد سر بن چکاہے،سبزی و فروٹ منڈی سدھار میں روزانہ کروڑوں روپے کا کاروبار ہوتا ہے اور مارکیٹ کمیٹی و ضلعی انتظامیہ سمیت متعدد حکومتی ادارے بھی لاکھوں روپے ماہانہ کا ٹیکس اکٹھا کرتے ہیں، لیکن کبھی ٹیکس کی رقم اس منڈی پر لگانے کی کوشش نہیں کی گئی، ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، کوڑے کرکٹ کے ڈھیر اور گندے پانی کے جوہڑ سبزی و فروٹ منڈی میں روزانہ نظر آنے والے مناظر ہیں،جھنگ روڈ پر قائم یہ مارکیٹ آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے، آ ڑھتیوں کے مطابق وہ مارکیٹ کمیٹی کو لاکھوں روپے ماہانہ ٹیکس ادا کرتے ہیں اس کے باوجود انہیں بنیادی سہولیات نہیں دی جارہیں، سیوریج کے ناقص انتظام کے باعث کئی کئی روز گندے پانی کا نکاس نہیں ہوتا جس سے سبزیاں اور فروٹ خراب ہو جاتے ہیں، اگر ضلعی انتظامیہ اپنی ذمے داری پوری کرے تو تاجروں کو درپیش مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور مارکیٹ کمیٹی کی مجرمانہ غفلت سے منڈی تالاب کا منظر پیش کر رہی ہے جس سے نہ صرف آڑھتی بلکہ بیوپاری اور کاشتکار بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔