قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز،4کروڑ بچوں کا ہدف

220

اسلام آباد: ملک بھر میں آج سے قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے اور یہ مہم 25 ستمبر تک جاری رہے گی جبکہ حالیہ قومی انسداد پولیو مہم میں 4 کروڑ سے زائد بچوں کی ویک سینیشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

 تفصیلات کے مطابق  انسداد پولیو مہم آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور چاروں صوبوں میں چلائی جائے گی، فروری کے بعد یہ پہلی قومی انسداد پولیو مہم ہوگی جس میں ملک بھر کے 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوائیں جائیں گے۔

ترجمان پاکستان پولیو پروگرام  کے مطابق پنجاب میں ایک کروڑ 99 لاکھ، سندھ میں 92 لاکھ، خیبرپختونخوا میں 67 لاکھ، آزاد کشمیر میں 6 لاکھ 69 ہزار، گلگت بلتستان میں 2 لاکھ 39 ہزار، بلوچستان میں ساڑھے 24 لاکھ جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ساڑھے 3 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوائیں جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق  ملک بھر میں اس مہم کے دوران 2 لاکھ 70 ہزار ورکرز حصہ لیں گے جبکہ انسداد پولیو مہم کے دوران کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔

کوآرڈینیٹر قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر ڈاکٹر رانا صفدر کا کہنا تھا کہ والدین اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کیلئے پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں جبکہ ہم نے کورونا سے بچاؤ کیلئے مکمل انتظامات کیے ہیں تاکہ والدین اور پولیو ورکرز کورونا سے مکمل طور پر محفوظ رہے کیونکہ ہمارے لیے عوام کی صحت کا خیال رکھنا اولین ترجیح ہے۔

کوآرڈینیٹر کا کہنا تھا کہ پولیو ورکرز کو کورونا وبا سے بچنے کیلئے موثر تربیت دی گئی ہے جیسے ہاتھ دھونا، ماسک کا استعمال اور مناسب فاصلے کو یقینی بنانا شامل ہے جبکہ پروگرام کے دوران قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کو یقینی بنایا ہے۔

دوسری جانب   فیصل آباد میں پانچ سال تک کی عمر کے 13 لاکھ 81 ہزار 750 بچوں کو اور گوجرانوالہ میں 9 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا نے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

واضح رہے  پولیو سے 5سال تک کے عمر کے بچے متاثر ہوتے ہیں، اس بیماری سے بچے عمر بھر کیلئے معذور ہو جاتے ہیں حتیٰ کہ بچوں کی موت بھی واقع ہو جاتی ہے۔

 اس موذی مرض سے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوا کر چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے جبکہ 5سال سے کم عمر بچوں کو پولیو قطرے پلوا کر اس موذی وائرس کو پھیلنے سے بچایا جاسکتا ہے۔

کوآرڈینیٹر قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر  کا کہنا تھا کہ انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ حصہ لینا ہم سب کا قومی فریضہ ہے اس کو کا میاب بنانے کے لئے علماء کرام، قبائلی رہنماؤں اور معتبرین کی بھی مدد لی جارہی ہے