فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدرچودھری عمرفاروق گجرنے کہا ہے کہ ٹیکس چور وزیر ہو یا عام شہری ملک و قوم کا دشمن ہے۔غریب عام روٹی سے لیکر دوائی پر ٹیکس دیتا ہے اور حکومتی وفاقی وزرا اربوں کے اثاثے رکھنے کے باوجود ٹیکس ادا نہیں کررہے جو وزیر اعظم اور تحریک انصاف کے نعروں اور دعو و ں کے برعکس قوم کو بیوقوف بنانے کا تبدیلی ڈراما ہے جس سے پوری قوم مایوس ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے انتخابی منشور کے مشہور نعرے احتساب اور ٹیکس چوری کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے اور وزیر اعظیم پاکستان عمران خان ٹیکس چوروں کو ملک و قوم کے دشمن قرار دیتے رہے ہیں لیکن اب وزیر اعلیٰ پنجاب سمیت وفاقی وزرا ٹیکس چوری میں ملوث نکلے ہیں اِن کا احتساب کیسے اور کون کرے۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی کی بات تو یہ ہے کہ ملک میں ٹیکس اصلاحات کے ناقص نظام نے امیروں اور وڈیروں کو ریلیف دے رکھاہے جبکہ غربیوں سے بجلی، پانی اور دیگر بہانوں سے ٹیکس وصول کیا جارہا ہے جو جائداد اور لمبے چوڑے اثاثہ جات سے بھی محروم ہیں۔عمرفاروق گجر نے مزید کہا کہ ملک میں اس وقت تک حقیقی تبدیلی نہیں آسکتی جب تک امیر اور غریب کیلیے ایک قانون نہیں رائج ہوگا۔ ہمارے ہاں ہاتھی کے دانت دکھانے کے کچھ اور ہیں اور کھانے کے کچھ اور ہیں۔انہوں نے کہاکہ بدعنوانی تحریک انصاف کے دورہ حکومت میں بڑی تیزی سے پھیل رہی ہے جس کی وجہ سے آج غریب بیچارہ روٹی کو ترس رہا ہے۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ ملک میں غربت کی بنیادی وجہ وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم ہے جس کے سبب امیر، امیر ترین اور غریب غریب تر ہوتا چلا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ظلم کے اس نظام کے خلاف جدو جہد کر رہی ہے۔اس لیے عوام اب جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت کا ساتھ دے۔