شہادت حسینؓ رہتی دنیا تک مسلمانوں کے لیے نمونہ ہے، مفتی ولی منصوری

70

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) شہادت حضرت حسینؓ رہتی دنیا تک مسلمانوں کے لیے ایک نمونہ ہے، آپؓ نے حق پر ڈٹ کر شہادت کو قبول کیا لیکن باطل کے سامنے سر نہیں جھکایا۔ ان خیالات کا اظہار مفتی ولی محمد منصوری نے جامعہ رحمانیہ ٹرسٹ لطیف آباد نمبر 7 کے زیر اہتمام شہادت حسینؓ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپؓ نے ہر طرف سے دشمنوں میں گھرے ہونے کے باوجود نماز کو نہ چھوڑا اور سجدے میں سر کٹا کر امت کو بتا دیا کہ نماز تلواروں کے سائے میں بھی ترک نہیں کرنی ہے۔ آج ہم ایک جانب تو حضرت حسینؓ سے عقیدت اور محبت کا اظہار کرتے ہیں لیکن دوسری طرف اپنی نمازوں کی ادائیگی میں کوتاہی کرتے ہیں۔ کربلا میں دین کی سربلندی کے لیے اپنی جانوں کی قربانی دینے والے آل رسولﷺ کے اوصاف کو ہمیں اپنی زندگیوں میں لانا ہوگا، حق وباطل کی ازل سے جاری جنگ میں غیر جانبداری کو ترک کرکے حق کا ساتھ دینا ہوگا، جب ہی ہم عاشق رسولﷺ اور عشق حسینؓ کے دعویدار ہوسکتے ہیں۔