میرپور خاص (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی میرپور خاص کے فلاحی ادارے الخدمت فائونڈیشن کے تحت حالیہ طوفانی بارشوں سے متاثرہ گلشن کالونی، ام حانی ٹائون، اسماعیل شاہ کالونی، سمن آباد، اسکیم نمبر دو، مہران کالونی، کاہو جو دڑو اور قرب وجوار کے رہائشی مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا۔ راشن تقسیم کی تقریب سے الخدمت فائونڈیشن میرپور خاص کے صدر نادر خان، سینئر اور بزرگ رہنما لالا نور محمد، عزیز الرحمن خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ہر مشکل گھڑی میں عوام کے دکھ درد میں شریک رہتی ہے۔ قدرتی آفات، وبائی امراض اور ناگہانی حادثات میں اپنی مدد آپ کے تحت بلا امتیاز رنگ و نسل و مذہب خدمات انجام دیتی ہے جبکہ معمول کی زندگی میں جماعت اسلامی میرپور خاص میں میڈیکل سہولیات کے حوالے سے بہترین الخدمت لیبارٹری نیو ٹائون الخدمت اسپتال غریب آباد اور صاف اور صحت بخش پانی کے الخدمت واٹر فلٹریشن پلانٹ لالچند باغ اور سیٹلائٹ ٹائون میں عوام کو سہولت پہنچانے کے لیے چلا رہی ہے جہاں سے سیکڑوں کی تعداد میں روزانہ کی بنیاد پر میرپور خاص کے شہری استفادہ کررہے ہیں۔ جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے مزید کہا کہ ریاست اپنے اوپر عائد عوام کو بنیادی سہولیات پہنچانے کے ذمے داری پوری نہیں کررہی، جس کے سبب عوام میں بے چینی، مایوسی اور ڈپریشن بڑھ رہا ہے۔ ریاستی حکام اور کرپٹ اداروں کی نااہلی نے عوام کو بنیادی ضروریات سے محروم کر رکھا ہے۔ شہر میں عوام پانی جیسی بنیادی ضرورت کی فراہمی تک سے محروم ہیں۔