الخدمت کی جانب سے جراثیم کش اسپرے کی خصوصی مہم

78

کراچی( نمائندہ جسارت)الخدمت کراچی کی جانب سے شہریوں کو امراض سے بچانے اور صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کے لیے جراثیم کش ادویہ کے اسپرے کی خصوصی مہم جاری ہے ۔گزشتہ روز پی اے ایف (KIET)کے ڈائریکٹر ناصر قاضی کی درخواست پر پی اے ایف (KIET)کے کورنگی کریک کیمپسز میں اسپرے کیا گیا ۔اس موقع پر ونگ کمانڈر ( ر)محمد زاہد سلیم بھی موجود تھے۔پاکستان بیت المال کے زیر انتظام اداروں، اسکول آف ری ہیبلٹیشن اینڈٖ چائلڈ
سینٹر،ویمن ایمپاور منٹ سینٹر میں بھی اسپرے کیا گیا۔ دونوں اداروں کی انچارجز محترمہ بینا اورمحترمہ قدسیہ جبکہ الخدمت کے ذمے داران سرفراز شیخ ،مزمل کاملانی ،عبید الرحمن اور محمد فیضان بھی موجود تھے ۔الخدمت کی جانب سے اسپرے کرنے والی ٹیم نے تینوں اداروں کے تمام شعبہ جات میں اسپرے کیا ۔اس موقع پران اداروں کے ذمے داران نے الخدمت کی جانب سے کیے جانے والے اسپرے کے عمل کو سراہا اور کہا کہ الخدمت صاف ستھرے ماحول کی فراہمی اور صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے کوشاں ہے ،جو خوش آئند بات ہے ۔دریں اثنا الخدمت کے ایگز یکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی نے کہا کہ شہر میںالخدمت کی اسپرے مہم جاری ہے ۔شہریوں کو امراض سے بچانے اور صاف ستھرے ماحول کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے ۔اہل خیر افراد کو چاہیے کہ وہ الخدمت کے کاموں میں اس کا ساتھ دیں ۔