پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ کیس: اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ نامکمل قرار

68

اسلام آباد(صباح نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کی مبینہ غیرملکی ممنوع پارٹی فنڈنگ سے متعلق اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ نامکمل قرار دے دی۔الیکشن کمیشن نے تحریری حکم نامے میں اسکروٹنی کمیٹی سے 6 ہفتے میں رپورٹ طلب کر لی۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تکلیف دہ ہے کہ29ماہ گزر جانے کے باوجود کوئی ٹھوس رائے نہیں دی گئی۔الیکشن کمیشن نے اسکروٹنی کمیٹی کو ہر اجلاس کی کارروائی سے بھی آگاہ رکھنے کا حکم دے دیا ۔الیکشن کمیشن نے تحریری حکم نامے میں کہا ہے کہ اسکروٹنی کمیٹی نے شواہد کو پرکھا نہ ہی کوئی نتیجہ اخذ کیا۔ اسکروٹنی کمیٹی کی ذمے داری ہے کہ تمام دستاویزات کی مکمل جانچ پڑتال کرے۔الیکشن کمیشن حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی دستاویز قابل قبول نہیں تو اس کی وجوہات بھی بتائی جائیں۔دستاویزات کی تصدیق کے لیے کمیٹی ہر متعلقہ فورم سے رجوع کرسکتی ہے۔حکم نامے میں کہا گیا کہ اس حوالے سے کمیٹی کی جانب سے درست طریقہ کار اختیار کیا گیا نہ ہی کوئی نتیجہ ہی اخذ ہوا، انتہائی تکلیف دہ بات یہ ہے کہ اسکروٹنی کمیٹی نے الیکشن کمیشن کی ہدایات پر سختی سے عمل نہیں کیا۔29ماہ کا عرصہ گزر جانے کے باوجود کوئی ٹھوس رائے نہیں دی گئی۔خیال رہے کہ پی ٹی آئی کی مبینہ غیرملکی فنڈنگ کے خلاف جماعت کے سابق بانی رکن اکبرایس بابر نے درخواست دائرکررکھی ہے۔یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے وکلا نے 23 اکتوبر 2019 ء کو غیرملکی فنڈنگ کی تحقیقات کرنے والی اسکروٹنی کمیٹی کا بائیکاٹ کردیا تھا۔