اسلام آباد: سابق وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ بھارت نے عمران خان کی کمزور حکومت کودیکھتے ہوئے 5 اگست کا اقدام کیا.
دارلحکومت اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں احسن اقبال اور شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کی، دوران گفتگو احسن اقبال نے کہا کہ اپوزیشن کے خلاف بھارت کو خوش کرنے کا پروپیگنڈا کیا جارہا ہے جبکہ بھارت توعمران خان کی ناکام گورننس پر خوش ہے، بھارت نے عمران خان کی کمزور حکومت کودیکھتے ہوئے 5 اگست کا اقدام کیا.
انہوں نےکہا کہ نیب گردی کی وجہ سے ملک کا انتظامی ڈھانچہ مفلوج ہوگیا ہے، نارووال اسپورٹس سٹی مقدمہ کا ریفرنس آج تک نہیں بنایا جاسکا، انتقامی ایجنڈے کےعلاوہ حکومت ترقی پر توجہ نظر اندا ز کررہی ہے، حسد، انتقام اور جھوٹے الزامات کے سوا حکومت کاکام ہی کیا ہے؟.
لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ ہماری حکومت میں میری وزارت کے بجٹ میں ایک روپے کی کرپشن کا ثبوت دیں، جوے کااڈہ بنایا نہ ہی جرائم خانہ بنایا کھیل کے لیے میدان بنایا جس کی سزا دی جارہی ہے، کیسے وزیراعظم ہیں جوعوام سے کہتے ہیں تیاررہیں سردی میں گیس کی قلت ہوگی جبکہ ہر بات میں وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں این آر او نہیں دیں گے.
لیگی رہنما وسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب جو کچھ کررہا ہے اس کی حقیقت پورے پاکستان پر واضح ہوگئی ہے، کبھی شہبازشریف، کبھی احسن اقبال اور کبھی میرے خلاف عدالت لگی ہوتی ہے جبکہ ججز نے نیب سے استفسار کیا کہ کس اختیار کے تحت گرفتاریاں ہورہی ہیں.
انہوں نے کہا کہ یقین ہے اے پی سی کے بعد اپوزیشن کی ساری جماعتیں جیل میں ہوں گی، جھوٹے الزامات لگا کر ہمیں کمزورکرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور بے بنیاد الزامات پر پیشیاں بھگت رہے ہیں جبکہ ایسے کیسز پولیٹکل انجینئرنگ کے لیے بنائے جاتے ہیں.
سابق وزیر داخلہ احسن اقبال اور نیب پراسیکیوٹر سہیل عارف احتساب عدالت اسلام آباد میں پیش ہوئے، احتساب عدالت کے جج محمد بشیر رخصت پر ہونے کے باعث نارووال اسپورٹس سٹی کمپلیکس کرپشن کیس کی سماعت بغیر کاروائی کے 20 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی.