رکن قومی اسمبلی وسرپرست اعلی پاکستان ہندوکونسل رمیش کمار کا کہنا ہے کہ جودھ پور واقعے پراب پاکستانی ہندو برادری کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے.
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے رکن قومی اسمبلی وسرپرست اعلی پاکستان ہندوکونسل رمیش کمار نے وزارت خارجہ کے دفتر میں ملاقات کی.
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر کہا کہ اقلیتوں کاتحفظ ہماری آئینی ذمے داری اوراولین ترجیحات میں شامل ہے، بھارت میں ہلاک ہونیوالے پاکستانی ہندوخاندان کی ہلاکت پرشدید دکھ اورتشویش ہے.
انہوں نے کہا کہ جودھ پورکےانسانیت سوز واقعے پر پاکستان نے بھارت سے شدید احتجاج کیا اور بھارت سے جودھ پور واقعے کی تحقیقات میں پاکستان کو شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ بھارت پر زور دیا ہے کہ جودھ پور واقعے پرہمیں مکمل تفصیلات بتائی جائیں.
پاکستان ہندوکونسل کے چیئرمین رمیش کمار نے کہا کہ جودھ پورواقعے کو ڈیرھ ماہ سے زائد عرصہ گزر چکا لیکن ہمیں انصاف نہیں ملا.
رکن اسمبلی رمیش کمار کا مزید کہنا تھا کہ جودھ پور واقعے پرحصول انصاف کیلئے آج سے احتجاج شروع کریں گے،جودھ پور واقعے پر اب پاکستانی ہندو برادری کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے.
یاد رہے کہ بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع جودھ پور میں 9 اگست 2020 کو 11 پاکستانی ہندو پراسرار طور پر ہلاک کردیے گئے تھے.
متاثرہ خاندان کے ایک فرد کی بیٹی شری متی مکھی نے پریس کانفرنس میں الزام لگایا تھا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ نے ان کے خاندان کو پاکستان مخالف ایجنٹ بننے کو کہا گیا لیکن انکار کرنے پر انہیں قتل کر دیا گیا۔