شہر فیصل آباد لاوارث ہو چکا ہے،میاں اجمل حسین

117

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی115کے امیر میاں اجمل حسین بدرایڈووکیٹ،جنرل سیکرٹری رانا عمر فاروق،شیخ محمدعمران،چودھری سلیم گجر، وقاص ڈوگر،توصیف احمدخاں،غلام محمدعطا اوردیگرنے کہا ہے کہ شہر فیصل آباد لاوارث ہو چکا ہے،انتظامی افسران عوام کا خدمتگار ہونے کے بجائے ایم این اے ایم پی ایز کے ملازم کا کردار ادا کر رہا ہے،ضلعی انتظامیہ کا دفترموجودہ حکومت کے ارکان اسمبلی کا سیکرٹریٹ بنا ہوا ہے، عوام پریشان ہیں شہر کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔میاں اجمل حسین بدرایڈووکیٹ نے کہا کہ مافیا بے لگام ہوچکے ہیں جبکہ انتظامیہ کی آنکھیں بند اور محض بیانات پر کام چل رہا ہے۔ صفائی اور اسٹریٹ لائٹس کی ابتر صورتحال ہے،ٹریفک اشارے عرصہ دراز سے خراب ہیں، پارکنگ کے مسائل میں اضافہ ہوچکاہے،کچہری بازار سمیت تمام بازاروں میں ضلعی انتظامیہ کی سرپرستی میں پارکنگ اسٹینڈ بن چکے ہیں،شہر میں چوری ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ہوچکا ہے جبکہ پولیس اور انتظامیہ کی آنکھوں پر پٹی بندھی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر فیصل آباد کے مسائل کو فی الفور حل کیا جائے،سڑکوں کی مرمت،سیوریج سسٹم کی بحالی، صفائی،اسٹریٹ لائٹس کا انتظام کیا جائے۔ انتظامی افسران ایم این اے ایم پی ایز کی خدمت کرنے کے بجائے عوام کی خدمت کریں۔ اگر حالات بہتر نہ ہوئے امن و امان اور شہر کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور عملی کوشش نہ کی گئی تو شہر فیصل آباد کا مقدمہ سڑکوں پر لڑا جائے گا۔