مارکیٹ کمیٹی کی ناقص حکمت عملی،سزی کے نرخوں میں اضافہ

130

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے ضلعی نائب امیر راناعدنان خاں،حلقہ پی پی112کے امیررائے محمدجاوید،جنرل سیکرٹری محمدطیب انصاری اوردیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ و مارکیٹ کمیٹی کی ناقص منصوبہ بندی کے باعث ٹماٹر، ادرک، پیاز و دیگر سبزیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، ایک ماہ کے دوران سبزیوں کی دوگنا بڑھتی قیمتوں نے صارفین کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔انہوں نے کہاکہ کوئی سبزی ایسی نہیں جو سو روپے فی کلوسے کم پر مل رہی ہو۔ اشیا خورونوش کی قیمتوں میں اچانک تیزی آنے پر پہلے سے مہنگائی و گراں فروشی سے پریشان متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والوں کی رہی سہی کسر سبزیوں کی بڑھتی قیمتوں نے پوری کردی ہے۔رہنمائوں نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ اور مارکیٹ کمیٹی شہر کی ضروریات سے لاعلم ہونے اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے غیر فعال ہونے کے باعث طلب و رسد کو بیلنس کرنے اور قیمتوں میں استحکام لانے میں مکمل طور پر ناکام نظر آتی ہے جس کا خمیازہ صارفین کو بھگتنا پڑرہا ہے، حکومت قیمتو ں میں اضافے کا نوٹس لے۔