ایون فیلڈ کیس؛ مریم نواز کا آج عدالت میں پیش ہونے کا فیصلہ

116

لاہور(خبر ایجنسیاں)مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق مریم نواز آج ایون فیلڈ کیس میں اپیل کی سماعت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوں گی۔خیال رہے کہ مریم نواز اور ان کے شوہر نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کیس میں سزا کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے۔احتساب عدالت نے 6 جولائی 2018 کو ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو 10 سال قید اور جرمانے، مریم نواز کو7 سال قید اور جرمانے اور کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی، جس کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا تھا۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے 19 ستمبر 2018 کو ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو سنائی گئی سزا معطل کرتے ہوئے تینوں کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔نواز شریف نے بھی ایون فیلڈ کیس میں سزا کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے تاہم عدالت نے ان کی درخواست علیحدہ کردی ہے اور العزیزیہ ریفرنس میں ضمانت ختم ہونے اور عدالت میں پیش نہ ہونے پر ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاچکے ہیں۔