کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا ہے کہ سٹی وارڈنز بلدیہ عظمیٰ کراچی کا ہراول دستہ ہیں اور ہر موقع پر موجود ہوتے ہیں، سٹی وارڈنز کے محکمے کو اپ گریڈ کرکے مزید فعال اور شہر کے لئے موثر بنائیں گے۔
شہر کے بہتر مفاد میں سٹی وارڈنز کو استعمال کیا جائے گا تاکہ کے ایم سی کے اثاثہ جات، پارکس، اسپتالوں اور دیگر مقامات کی نگہبانی اور دیکھ بھال بہتر طریقے سے ہوسکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سٹی وارڈنز کے ہیڈ کوارٹر میں فزیکل ویری فکیشن کے موقع پر اپنے خطاب میں کیا، انہوں نے کہا کہ ہمیں اس محکمے کو اگلے لیول تک لے کر جانا ہے جس کے لئے پہلے مرحلے میں انہیں باقاعدہ یونیفارماور دیگر ضروری اشیاء فراہم کی جائیں گی اور وارڈنز کی گاڑیوں کی درستگی سمیت دیگر مسائل کو حل کیا جائے گا تاکہ یہ اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے انجام دے سکیں۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ بلدیاتی خدمات کی ادائیگی میں سٹی وارڈنز کا کردار اہمیت کا حامل ہے لہٰذا ان اہلکاروں کے مسائل حل کرکے ان کی کارکردگی میں اضافہ بنیادی ترجیح ہے، میں چاہتا ہوں کہ سٹی وارڈنز پہلے سے بھی زیادہ بہتر انداز میں اپنی ڈیوٹی دیں اور شہریوں کے لئے ہر ممکن بہتر خدمات انجام دیں، ایمانداری اور محنت سے اپنے فرائض انجام دینے والے وارڈنز کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی نے اس موقع پر اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہونے والے سٹی وارڈنز کی یادگار پر پھول چڑھائے، پرچم کشائی کی اور سٹی وارڈنز کی پریڈ کا معائنہ کیا۔
قبل ازیں میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے اپنے خطاب میں سٹی وارڈنز کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس محکمے کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، سٹی وارڈنز نے ہمیشہ شہریوں کی مدد اور رہنمائی کی ہے اور ان کی کارکردگی قابل تعریف ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر اور شہریوں کے وسیع تر مفاد میں سٹی وارڈنز کو استعمال کرنا چاہئے تاکہ ان کی خدمات سے بلدیہ عظمیٰ کراچی مستفید ہو اور شہر میں اس کے مثبت اور بہتر اثرات دکھائی دیں۔
اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعود عالم اور ڈائریکٹر سٹی وارڈنز راجہ رستم نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس عز م کا اظہار کیا کہ سٹی وارڈنز کو مزید موثر اور فعال بنانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر مکمل عملدرآمد ہوگا اور مستقبل میں یہ اہلکار شہریوں کی اور بھی بہتر انداز میں خدمت کرنے کے قابل ہوسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سٹی وارڈنز کو درپیش مسائل کے حل سے بہتری آئے گی اور وہ زیادہ مستعد انداز میں اپنی ڈیوٹی کرسکیں گے جس سے شہر کو فائدہ ہوگا اور اس محکمے کا وقار بلند ہوگا۔