حکومت جان بچانے والی تمام ادویات کی مفت فراہمی کو یقینی بنائے،پیما

225

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) نے گزشتہ روز وفاقی کابینہ کی جانب سے جان بچانے والی 94 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام حالیہ دنوں میں کورونا سے بیروزگاری، پٹرول اور روز مرہ استعمال کی چیزوں کی قیمتوں میں اضافے سے پریشان حال عوام کی مشکلات میں مزید اضافے کا سبب بنے گا۔

ایک بیان میں پیما کے مرکزی صدر پروفیسر خبیب شاہد نے کہا کہ پاکستان میں صحت عامہ کا شعبہ اپنی اہمیت کے پیش نظر پہلے ہی حکومتی سبسڈی کا مستحق ہے۔ ادویات کی تیاری میں ہونے والے اخراجات کے باوجود ادویات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جانا چاہیے۔

اگرچہ دواسازی کی صنعت کو کئی مسائل کا سامنا ہے لیکن ان مسائل کو ٹیکسوں میں نرمی اور تیاری و درآمد میں سبسڈی کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ دوسری جانب مہنگائی کو دور کرنے کے لیے لگژریز اور غیر ضروری چیزوں پر ٹیکس بڑھانا چاہیے۔

پیما نے مطالبہ کیا کہ حکومت جان بچانے والی اور دیگر بھی تمام ادویات مفت فراہمی کو یقینی بنانا چاہیے۔ کچھ ادویات ایسی بھی ہیں جو کچھ عرصہ سے مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہیں۔ حکومت اس ضمن میں مالی خسارے کو دیگر ذرائع سے پورا کرنے کی کوشش کرے اور صحت کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کرے۔