حیدر آباد، بجلی کی مسلسل بندش کے باعث پانی کی فراہمی متاثر

43

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) شدید گرمی میں حیسکو کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی عذاب بنا دی، دس سے بارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ معمول بن چکی ہے، جبکہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا کوئی ٹائم ٹیبل نہیں ہے، جس سے نہ صرف شہر کا کاروبار بلکہ پورا نظام زندگی ہی متاثر ہوکر رہ گیا جبکہ شہر کے کئی علاقوں میں ٹرانسفارمر نہ ہونے کے باعث کئی کئی روز سے بجلی کی فراہمی بند ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں ہے، شہر کے منتخب نمائندے، ضلعی انتظامیہ سب خواب خرگوش میں ہیں، بجلی کی مسلسل بندش کے باعث پانی کی فراہمی بھی متاثر ہورہی ہے اور بیشتر علاقوں میں جب پانی آنے کا وقت ہوتا ہے تو بجلی نہیں ہوتی، جس کے باعث پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے اور لوگ دور دراز یا پھر ٹینکرز کے ذریعے پانی منگوانے پر مجبور ہیں۔ شہریوں نے وفاقی وزیر پانی وبجلی سمیت دیگر حکام سے مطالبہ کیا کہ حیسکو کا قبلہ درست کیا جائے اور عوام کو بجلی کی لوڈشیڈنگ کے ساتھ اضافی بلوں سے نجات دلائی جائے۔