سرکاری راشن کی تقسیم سیاسی بنیادوں پر کی جارہی ہے، بشیر احمد رند

39

پنگریو (نمائندہ جسارت) سرکاری امدادی سامان کی تقسیم میں ہونے والی بے ضابطگیوں اور اقربا پروریوں کیخلاف پنگریو کے نواحی گاﺅں جیو ریباری کے متاثرین نے ڈھول بجاکر اور سیلابی پانی میں کھڑے ہوکر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے بدین کی ضلعی انتظامیہ اور سیاسی شخصیات کیخلاف نعرے بازی کی۔ اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے میگھراج ریباری، چندرام ریباری اور بشیر احمد رند نے کہا کہ گاﺅں جیوریباری اور ملحقہ دیہات میں بارش کا پانی جمع ہے، جس کی وجہ سے متعدد دیہات کا ضلع بدین اور میرپور خاص کے دیگر علاقوں سے رابطہ منقطع ہے جبکہ متاثرین کو راشن اور شامیانے بھی فراہم نہیں کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری راشن کی تقسیم سیاسی بنیادوں پر کی جارہی ہے اور حقیقی متاثرین کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔ متاثرین نے کہا کہ زراعت تباہ ہونے اور راشن نہ ملنے کے باعث وہ اور ان کے خاندان بھوک وافلاس کا شکار ہیں اور گھروں میں فاقے ہورہے ہیں۔ حکومت سندھ نوٹس لے متاثرین نے اعلان کیا کہ اگر ان کے دیہات سے پانی نہیں نکالا گیا اور فوری طور پر امدادی سامان نہ دیا گیا تو متعلقہ افسران اور سیاسی شخصیات کا گھیراﺅ کریں گے۔