“جہاں ضرورت ہے وہاں لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے”

207

کراچی: ترجمان کے الیکٹرک نورافشاں کا کہنا ہے کہ جہاں ضرورت ہے وہاں لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے.

ترجمان کے الیکٹرک نورافشاں نے نجی ٹی وی ایک پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آپ کے دکھ اور تکلیف کا احساس ہے لیکن جہاں ضرورت ہے وہاں لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے اور اگلے سال یہ صورت حال نہیں رہے گی.

انہوں نے کہا کہ پانچ پاور پلانٹ ہیں، چار گیس پر چلتے ہیں ایک فرنس آئل پر چلتا ہے، تاہم ایل این جی کا پاور پلانٹ اگلے سال آجائے گا، فرنس آئل سے ایک پلانٹ ایک ہزار میگاواٹ بجلی پید اکرتا ہے اور ہماری کوشش ہوتی ہے کہ پلانٹ چلتے رہیں.

پروگرام کے میزبان کی جانب سے کیے گئے ایک سوال کے جواب میں ترجمان کے الیکٹرک نے کہا کہ گیس میں بہتری کا جواب ایس ایس جی سی کی جانب سے بہتر دیا جاسکتا ہے، گیس پاور پلانٹ پر چیلنجز کا سامنا کرنا پڑرہا ہے.

دوسری جانب ایس ایس جی سی ترجمان کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کو 190 سے 200 ملین مکعب گیس کی  فراہمی کی جاری.

شہرقائد میں حالیہ 3 دنوں کے دوران بجلی کی طلب میں 300 میگاواٹ کے اضافے کے ساتھ کراچی میں بجلی کی طلب 3300 میگاواٹ سے تجاوز کرگئی ہے اور بجلی کی طلب ورسد میں فرق 600 میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے.

خیال رہے کہ شہرقائد کے مختلف علاقوں کورنگی ،شاہ فیصل کالونی ، کھارادر ،لانڈھی قائد آباد اور لیاری  میں بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کراچی میں اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 6 سے 10 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے.