کراچی میں تین ماہ کے دوران ٹریفک حادثات میں 60 افراد زندگی کی بازی ہار گئے

246

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ملک کے سب سے بڑے معاشی حب کراچی میں ٹریفک حادثات کی شرح بڑھ گئی ہے،صرف تین ماہ کےدوران نو سو سے زاید ٹریفک حادثات میں 60 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔

کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری دستاویزات کے مطابق کراچی میں جون، جولائی اور اگست میں سڑکوں پر ٹریفک حادثات میں 60 افراد جاں بحق ہوئے۔چھوٹے بڑے ٹریفک حادثات میں 870 سے ز اید افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری دستاویزات کے مطابق رواں سال مجموعی طور پر ٹریفک حادثات میں 128 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ کراچی ضلع غربی کی سڑکوں پر سب سے زیادہ 54 افراد کی جان گئی۔ سب سے زیادہ موٹرسائیکل سوار 85 افراد ٹریفک حادثات میں جان بحق ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ مارچ میں ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو (1122) کی جانب سے جاری کردہ سالانہ رپورٹ میں ٹریفک حادثات کے حوالے سے صوبہ پنجاب کا دارالحکومت لاہور پہلے نمبر پہ آگیا تھا۔

ریسکیو1122 کی سالانہ رپورٹ کے مطابق ایک سال کے دوران 84 ہزار سے زاید ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے۔ریسکیو ون ون ٹوٹو کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق یکم مارچ 2019 سے لے کر فروری 2020 کے درمیانی عرصے میں 84 ہزار سے زاید ہونے والے ٹریفک حادثات کے باعث ہزاروں شہری متاثر ہوئے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا تھا ٹریفک حادثات کے نتیجے میں تقریبا 50 ہزار موٹرسائیکل سوار متاثر ہوئے جن میں سے 210 جانبر نہیں ہوسکے اور ملک عدم کو روانہ ہوگئے۔ٹریفک حادثات کے باعث 66625 مرد اور 17718 خواتین متاثر ہوئیں۔

دستیاب اعداد و شما رکےمطابق سب سے زیادہ ٹریفک حادثات موٹر سائیکل سواروں کے ہوئے جن کی تعداد 50 ہزار سے زاید ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دس ہزار حادثات صرف غلط یو ٹرن کی وجہ سے پیش آئے جب کہ 12 ہزار غلط یوٹرن لینے کی وجہ سے وقوع پذیر ہوئے۔