بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں مکمل ہیں الیکشن کمشنر پختونخوا

114

پشاور (اے پی پی) الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا شریف اللہ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے لیے تیاریاں مکمل کر لی ہیں، ولیج اور نیبر ہڈکونسلوں کی ابتدائی حلقہ بندیوں کا کام مکمل ہوگیا ہے،18ستمبر 2020ء سے ابتدائی فہرستیں عوام کے معائنے کے لیے مشتہر کر دی گئی ہیں۔ جمعرات کو پشاور میں جینڈر اینڈ ڈس ابیلٹی الیکٹورل ورکنگ گروپ خیبرپختونخوا میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر شریف اللہ نے کہا کہ عوام ابتدائی حلقہ بندیوں پر اپنے اعتراضات، شکایات اور تجاویز 2 اکتوبر تک ڈیلیمیٹیشن اتھارٹی کے پاس داخل کرسکتے ہیں، ان اعتراضات، شکایات اور تجاویز پر فیصلہ 17 اکتوبر تک کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ڈویژنل ہیڈکوارٹر جن میں پشاور، سوات مردان، ایبٹ آباد، کوہاٹ، بنوں اور ڈی آئی خان شامل ہیں، صوبائی حکومت کی طرف سے نامکمل قانونی اور انتظامی وجوہات کی بنا پر حلقہ بندی نہیں ہوسکی ہے جیسے ہی یہ کمی پوری ہوگی، ان اضلاع میں حلقہ بندی کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات اور دیگر ضمنی انتخابات کے لیے انتخابی فہرستیں 4 اکتوبر کو شائع کی جائیں گی۔