اخبارات کو قارئین اور طلبہ کیلیے پرکشش بنانا ہوگا‘ ڈاکٹر محمد واسع

81
نائب امیر جماعت اسلامی کراچی واسع شاکر اورنگی ٹائون میں شہریوں کو حقوق کراچی مارچ میں شرکت کی دعوت دے رہے ہیں

کراچی (نمائندہ جسارت )آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی،میٹروپولیٹن بی کمیٹی کے سربراہ اور جسارت میڈیا گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر محمد واسع نے اخبار بینی کے قومی دن کے موقع پر کہا ہے کہ 25 ستمبر کا دن ملک گیر سطح پر اخبار بینی کے لیے وقف کیا گیاہے تاکہ ہم اپنی قومی ذمے داری کو سمجھتے ہوئے نئی نسل کو مطالعہ کی جانب راغب کر سکیں۔ ایک نظریاتی
مملکت کے عوام کے لیے مطالعہ، حالات حاضرہ سے آگہی کا اہم ترین ذریعہ اخبارات ہیں۔سوشل میڈیا کے اس دور نے مجموعی طور پر مطالعہ و کتب بینی کو نقصان پہنچایا ہے لیکن قومی سطح پر مستقل اجتماعی کوششوں سے ہم اس بات کو ممکن بنا سکتے ہیں کہ مطالعہ ہمارے کلچر کا حصہ بن جائے۔جسارت کی جانب سے ہی دو سال قبل یہ دن منانے کی تجویز دی گئی جسے سوسائٹی کے تمام عہدیداران اور ارکان نے قبول کیا اور اب ہم سب کو شعوری کوشش کرنی ہوگی کہ ہم اپنے اخبار ات کو بھی قارئین کے علم، عمل کا باعث بنائیں اور نوجوان خصوصاً طلبہ کے لیے ایسا پر کشش مطالعہ و معلومات کا ذریعہ بنائیں جو اْن کی شخصیت کو بھی پروان چڑھا سکے۔پاکستان کے اخبارات معاشی، معاشرتی، تعلیمی، سیاسی و مذہبی میدانوں میں با مقصد رہنمائی کرسکتے ہیں۔ڈاکٹر واسع نے اس دن کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اخبار بینی کی جانب متوجہ کرنے کے لیے خطوط نویسی، مضمون نویسی و دیگر سرگرمیوں سے نوجوانوں کو ساتھ شامل کیا جا سکتا ہے اور اس ضمن میں ہم سب کو آگے بڑھنے کی ضرورت ہے تاکہ ہمارے نوجوانوں میں اخبار بینی و رسائل کے مطالعہ کی عادت پڑ سکے۔ اسکے لیے ہمیں سب سے پہلے خود اپنے گھر سے اور اپنے عمل سے آغاز کرنا ہوگا۔