سی فیئررز کی آسانی کیلئے گورنمنٹ آفس کے آن لائن پورٹل کا افتتاح

268

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر بحری امور سیدعلی حیدر زیدی نے سی فیئررز کے لئے گورنمنٹ شپنگ آفس کے آن لائن پورٹل کا افتتاح کردیا ہے۔

تاریخ میں پہلی دفعہ پورٹس اینڈ شپنگ ڈویژن کی ویب سائٹ کا بھی افتتاح کیا گیا ہے۔ افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ آن لائن پورٹل میں سی فیئررز سے متعلق تمام ڈیٹا ڈیجیٹل شکل میں موجود اور محفوظ رہے گا۔

سی فیئررز کے اندراج کی آسانی، میننگ ایجنٹس کے متعلق معلومات آن لائن پورٹل میں موجود ہوں گی، آن لائن پورٹل سے سی فیئررز کو سی فیئررز شناختی کارڈ بنانے میں آسانی ہو گی، سی فئیررز پورٹل کے ذریعے سروس بک، اور ویزا کا اجراءبھی کرا سکیں گے۔علی زیدی نے کہا کہ اس سے قبل ملک بھر سے سی فئیررز کو معلومات کے اندراج، ویزا اور کارڈز کے لیے کراچی آنا پڑتا تھا۔

سی فئیررز کو اس سے قبل کاغذی کارروائیوں میں بہت مشکلات کا سامنا تھا،ای پورٹل کے ذریعے سی فئیررز کے اندراج اور تصدیق کا عمل شفافیت سے ہو سکے گا۔

علی زیدی کا مزید کہنا تھا کہ غیر ملکی ویزہ کیلئے بھی معلومات صرف ایک کلک سے میسر ہوں گی اور سی فیئررز کو ویزے کے اجراءمیں جو مشکلات کا سامنا تھا ان میں کمی آئے گی۔

پورٹل اور ویب سائٹ وزیر اعظم عمران خان کے ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کی عملی شکل ہیں.پورٹل کو استعمال کرنے کے طریقہ کار سے متعلق ٹیوٹوریل وڈیو بھی ساتھ جاری کی گئی ہے۔