وزیر اعظم کے ارد گرد بیٹھے لوگ غلط بیانی کرتے ہیں،مرتضی وہاب

196

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت گندم کا مصنوعی بحران پیدا کرنا چاہتی پنجاب میں گندم کا بحران پیدا ہوچکا ہے۔

وزیر اعظم کے ارد گرد لوگ غلط بیانی کرتے ہیں عمر ایوب باتیں کم کام زیادہ کریں کیا اچھا ہوتا ایم کیو ایم کراچی کے اہم اشوز پر وفاقی حکومت کے خلاف ریلی نکالتی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کلفٹن پارک میں برگد کے درختوں اور پارکس کی بحالی کی تقریب سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

بیرسٹر مرتضی وہاب نے مزید کہا کہ سندھ کے لوگوں کو گیس نہیں مل رہی ہے، بجلی کا بدترین بحران ہے وفاقی حکومت کی نااہلی سے گندم کا بحران پیدا کیا جارہا ہے مگر ایم کیو ایم کو ان ایشوز پر احتجاج کے بجائے لوگوں میں نفرت کے بیج بونے میں مصروف ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ لوگوں کو بانٹنے کی بات کرتے ہیں ہم لوگوں کو جوڑ رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب پر انہوں نے کہا کہ پبلک سیفٹی کمیشن پر آئی جی سندھ کو کوئی اختلاف نہیں جو اس کے ممبر ہیں وہ پریس کانفرنس بھی کریں عدالت جائیں وہ لوگ سندھ پبلک سیفٹی کمیشن کی آڑ میں سیاست کرنا چاہتے ہیں۔

ادویات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ مشکلات کا شکار عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے۔قبل ازیں سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون،ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب کلفٹن پارک پہنچ کر برگد کے درختوں اور کلفٹن پارک کی بحالی سے متعلق تقریب کا افتتاح کیا۔

بیرسٹر مرتضی وہاب نے کلفٹن پارک میں پودا لگایا اس موقع پر ایڈمنسٹر یٹر کے ایم سی افتخار شالوانی،کمشنر کراچی سہیل راجپوت نے بھی پودے لگائے۔تقریب میں سول سوسائٹی کے نما ئند ے شرمین عبید چنائے، ماروی مظہر اور جمیل یوسف بھی موجود تھے۔