کل ملک بھر میں جان بچانے کی تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا، (پیما)

284

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) کے تحت کل 26/ستمبر کو ملک بھر کی پچاس سے زاید مساجدمیں بنیادی لائف سپورٹ ٹریننگ ورکشاپس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

اس کا مقصد شہریوں کو اچانک کسی کی دل کی دھڑکن رکنے، سانس بند ہونے یا دل کا دورہ پڑنے کی صورت میں ابتدائی طبی امداد دینے کی تربیت فراہم کرنا ہے تاکہ ڈاکٹر یا ایمبولینس کے پہنچنے سے قبل اس کی جان بچائی جا سکے۔

پیما لائف سیورز پروجیکٹ کے انچارج ڈاکٹر عبدالعزیز میمن نے بتایا کہ ہمارے ملک میں کارڈیک اریسٹ کے زیادہ تر واقعات گھروں، دفاتر یا راہ چلتے ہوتے ہیں، ایسی صورت میں CPR کی تربیت سے بہت سی جانیں بچائی جا سکتی ہیں اور یہ ایک آسان عمل ہے۔”CPR اس ہنگامی طبی امداد کو کہتے ہیں جو کسی شخص میں سانس کی بحالی اور خون کی گردش کو برقرار رکھنے کے لیے فراہم کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام لوگوں کی اس کی تربیت دینے کا آغاز برطانیہ سے ہوا جہاں برٹش اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن نے مساجد میں جا کر لوگوں کو اس کی عملی تربیت دی۔

بعد ازاں فیڈریشن آف اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشنز سے وابستہ دنیا بھر کی ڈاکٹر تنظیموں نے اس کو اپنایا اور اب یہ ورکشاپس بیک وقت دنیا کے 40 سے زائد ممالک کی مساجد میں منعقد کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس نوعیت کی ورکشاپس کی بہت زیادہ اہمیت ہے کیونکہ دور دراز علاقوں میں تو ہنگامی امداد کی سہولیات انتہائی مفتود ہیں لیکن شہروں میں بھی بعض اوقات ہنگامی طبی امداد بروقت مہیا نہیں ہو پاتی۔ گزشتہ سال پیما کے زیر اہتمام 16شہروں کی 48 مساجد میں اس پروجیکٹ کے تحت ورکشاپس منعقد کی گئی تھیں۔