حیدر آباد:کنٹینر سے غیرملکی شراب کی 6 ہزار بوتلیں برآمد

150

حیدرآباد(صباح نیوز)حیدرآباد کسٹم نے غیرملکی سفارتی مشن کی آڑ میں شراب کی بڑی کھیپ اسمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بنادیا ۔تفصیلات کے مطابق کسٹم حکام نے ماڈل کسٹم کلیکٹوریٹ آفس میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حیدرآباد میں شراب کی بڑی کھیپ اسمگلنگ کرنے کی کوشش کو ناکام بنایا گیا،شراب غیرملکی سفارتی مشن کے نام پر منگوائی گئی تھی۔کلیکٹر کسٹم عامر رشید نے بتایا کہ وزرات خارجہ اور کراچی پورٹ کی انتظامیہ کو دھوکے میں رکھا گیا،مخصوص کوٹے کی آڑ میں کئی گنا زیادہ شراب درآمد کی گئی جبکہ سفارتی مشن کے لیے شراب درآمد کا کوٹا مختص ہوتا ہے۔عامر رشید کے مطابق ایک کارروائی میں کنٹینر سے غیرملکی شراب کی 6 ہزار بوتلیں برآمد کی ہیں،شراب مڈل ایسٹ سے منگوائی گئی تھی، جس کی مالیت 90 ملین روپے سے زاید ہے ،کنٹینر ڈرائیور کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔