مارچ کل ہوگا، تیاریاں عروج پر ، شہر بھر میں کیمپ لگ گئے

107

کراچی(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی کراچی کے زیر اہتمام کل 27ستمبر بروز اتوار منعقد ہونے والے حقوق کراچی مارچ کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں ، شہر بھر میں مردو خواتین کارکنان رابطہ مہم میں مصروف ہیں ، گھر گھر جا کر مارچ میں شرکت کی دعوت دی جارہی ہیں اور ہینڈ بلز تقسیم کیے جارہے ہیں ۔ جمعہ کی نماز کے بعد مساجد کے باہر بڑی تعداد میں مظاہرے
کیے گئے اور اہم پبلک مقامات پر کارنر میٹنگز بھی منعقد کی گئیں جن سے جماعت اسلامی کے مقامی رہنمائوں اور ذمہ داران نے بھی خطاب کیا اور حقوق کراچی تحریک کے اہم مطالبات جن میں با اختیار شہری حکومت ، درست مردم شماری ، کوٹہ سسٹم کا خاتمہ ، کراچی کے نوجوانوں کے لیے تعلیم اور روزگار کے حصول میں رکاوٹیں دور کرنے اور کے الیکٹرک کو قومی تحویل میں لینا شا مل ہیں کا اعادہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں شہر بھر میں اہم شاہراہوں ، چورنگیوں اور نمایاں پبلک مقامات پر کیمپ بھی لگادیئے گئے ہیں ۔ کیمپوں سے بھی شہریوں کو مارچ میں شرکت کی دعوت دی جا رہی ہے ۔ جبکہ موبائل پبلیسٹی کا سلسلہ بھی تیزی سے جاری ہے۔ سوزوکیوں اور ٹرکوں کے علاوہ SMD-VANS بھی خصوصی طور پر تیار کی گئی ہیں جن کے ذریعے سے بھی عوام کو دعوت دی جا رہی ہے ۔ جے آئی یوتھ کے تحت مختلف اضلاع میں نوجوانوں کی موٹر سائیکل ریلیاں بھی نکالی گئیں ۔ نوجوانوں کے اندر زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا ، شہر میں ہزاروں کی تعداد میں بینرز اور پوسٹرز پہلے سے ہی لگا دیئے ہیں اور عوام کی طرف سے بھی جماعت اسلامی کی حقوق کراچی تحریک کی پذیرائی کی جا رہی ہے اور شرکت کی یقین دہانی کرائی جا رہی ہے ۔ امید ہے کہ 27ستمبر کو شاہراہ قائدین پر ہونے والا ’’حقوق کراچی مارچ ‘‘کراچی کی سیاست میں ایک ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہو گا ۔ مارچ میں خواتین کی بھی بڑی تعداد شریک ہو گی ۔ جماعت اسلامی کراچی کا حلقہ خواتین نے بھی بھر پور طریقے سے سرگرم عمل ہے اور خواتین ذمہ داران اور کارکنان کے اندر بھی زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے ۔