کراچی کا ساحل مردہ مچھلیوں سے بھر گیا، تعفن پھیلنے لگا

258

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کے ساحل سی ویو پر بڑی تعداد میں مردہ مچھلیاں لہروں کے ساتھ کنارے پر آگئیں اور اْن سے اْٹھنے والے تعفن سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

سی ویو پر بڑی تعداد میں مردہ مچھلیاں لہروں کے ساتھ کنارے پر آگئیں جن سے اْٹھتے تعفن سے تفریحی مقام پر شہریوں کو مشکل کا سامنا ہے جب کہ گندگی اور تعفن پھیلاتی مچھلیاں متعلقہ ادارے کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔

ٹیکنیکل ایڈوائزر ڈبلیو ڈبلیو ایف معظم خان کے مطابق مون سون کے خاتمے کے بعد سمندر کے پانی کے بہاؤ میں تبدیلی سے آبی حیات ساحل پر آجاتی ہیں، سمندر کنارے افزائش پانے والی یہ مچھلیاں مقامی زبان میں بوئی کہلاتی ہیں جو سمندری تغیر اور آکسیجن کی کمی سے ساحل پر آتی ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ مردہ مچھلیوں کا ساحل پہ آنا ماحولیاتی آلودگی کا سبب نہیں ہوتی ہے، یہ ہر سال کا معمول ہے تاہم اس کی بروقت صفائی ناگزیر ہے۔

ترجمان سی بی سی کے مطابق سی ویو پر مری ہوئی مچھلیاں کلفٹن کنٹونمنٹ کی حدود میں رپورٹ نہیں ہوئیں ہے۔ساحل سمندر کی دیکھ بھال پر مامور سی بی سی ٹیموں نے تمام ایریاز کو چیک کرلیا، مون سون کے بعد مچھلیوں کے ساحل پر آنے کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔

مچھلیوں کے کنارے پر آنے کا سلسلہ کئی روز تک جاری رہتا ہے البتہ سی بی سی کی ٹیموں کو اپنے حدود میں ایسی کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ کردیا گیا ہے۔