میت کے بدلے رقم وصولی پی پی رہنما کو شوکاز جاری

69

کراچی(نمائندہ جسارت)پاکستان پیپلز پارٹی کی ڈپٹی سیکرٹری شعبہ اطلاعات لیزا مہدی پر اسپتال سے کورونا لاشیں دلوانے کے عوض رقم وصول کرنے کا سنگین الزام لگ گیا، صدر پی پی پی شعبہ خواتین شاہدہ رحمانی نے لیزا مہدی کو شوکاز نوٹس جاری کردیا، شوکاز نوٹس میں شاہدہ رحمانی کا کہنا ہے کہ لیزا مہدی پر رقم کے عوض کورونا میت دلوانے سمیت دھوکا دہی اور رشوت خوری پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ لیزا مہدی نے کورونا سے انتقال کرنے والے جہانگیر کی میت کے پیسے وصول کیے۔شوکاز نوٹس میں بتایا گیا جہانگیر کی میت دلوانے کے ڈھائی لاکھ، ادریس کی میت کے 50 ہزار لیے، دونوں افراد کے اہل خانہ سے زبردستی رقم وصول کی گئی جبکہ احمد جاوید نامی شخص کو ملازمت دلوانے کے 4 لاکھ 80 ہزار روپے لیے گئے اور رشوت وصول کر کے احمد جاوید کو جعلی تقرری لیٹر تھما دیا گیا۔ لیزامہدی کو 3دن کے اندر جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی تاہم 3دن گزرنے کے بعد بھی لیزامہدی نے جواب جمع نہیں کرایا ہے، لیزامہدی اور شوہر حسنین کے خلاف تیموریہ تھانے میں مقدمہ درج ہے۔