جماعت اسلامی نے گلگت بلتستان کیلیے جدوجہد کی ، مولانا عبدالسمیع

56

اسلام آباد( نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے سیاسی امور کمیٹی کے چیئرمین و نامزد امیدوار مولانا عبدالسمیع نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی انتخابات میں بھرپور پارلیمانی نمائندگی حاصل کرے گی ،ظلم نا انصافی کے کلچر کو ختم کرکے نظام عدل قائم کریں گے ،جماعت اسلامی نے گلگت بلتستان کے عوام کے سیاسی اور آئینی حقوق کے حصول کی سب سے زیادہ جدوجہد کی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان کے عوام 73سال سے ظلم اور ناانصافی کا شکارہیں چند لوگ بھیس بد ل بدل کر عوام کو لوٹ رہے ہیں، اسلام آباد کی مداخلت بند ہونی چاہیے ،عوام کو موقع دیا جائے کہ وہ اپنی مرضی سے نمائندے منتخب کریں ،دھاندلی کے ذریعے بننے والی حکومت لوٹ مار کے سوا کچھ نہیں کرتی ،جماعت اسلامی کے پاس دیانتدار اور جرأت مند قیادت ہے ہم ہی حقیقی تبدیلی لاسکتے ہیں جماعت اسلامی اور اس کے اداروں نے ہر آزمائش اور مشکل گھڑی میں عوام کی مدد کی ہے ،اگر حکومت کے وسائل ہمارے پاس آجائیں تو ہم گلگت بلتستان کو خوشحال اور اسلامی ریاست بناسکتے ہیں ۔