بھارت خطے کاامن برباد کرنے پر تلاہواہے‘شاہ محمود

83

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے خطاب میں ایک بار پھر نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا ہے، وزیرخارجہ نے کہا کہ بھارت اپنی معاندانہ پالیسیوں کے باعث خطے کے امن و امان سے کھیل رہا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم نے بھارت کے 05 اگست 2019ء کے
یکطرفہ اقدامات، کمیونیکیشن بلیک آؤٹ،نہتے شہریوں پر پلیٹ گنز کا استعمال،کالے قوانین کا اطلاق، ڈومیسائل قوانین میں ترامیم کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنے کی کوشش، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، عالمی قوانین اور جنیوا کنونشن سے انحراف کو واضح انداز میں بیان کیا۔وزیر اعظم نے واضح کیا کہ پاکستان، فلسطین کے حوالے سے اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق2ریاستوں کاحل چاہتا ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کی مصالحانہ کاوشوں کو دنیا کے سامنے رکھتے ہوئے شرپسند عناصر کی موجودگی کے خطرے سے بھی خبردار کیا۔