وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ریلوے زمین پر تجاوزات کا خاتمہ کرنا ہے اس لیے لوگ اپنا بندوبست کرلیں.
صوبائی دارلحکومت کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا حکم ہے ریلوے ٹریک کے اطراف سے تجاوزات ختم کی جائیں اور ریلوے سپریم کورٹ کے احکامات پرمکمل عمل درآمد کرے گی.
وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ سرکلر ریلوے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقاتیں اچھی رہیں، سرکلر ریلوے پر سندھ حکومت سے کوئی تنازع نہیں،سرکلر ریلوے پر وفاق اور سندھ ایک پیج پر ہیں.
یہ بھی پڑھیں: شیخ رشید کے نوازشریف سے 10 سوال
شیخ رشید نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ سندھ حکومت کے ساتھ مل کر نشاندہی کی جارہی ہے، ریلوے کی تجاوزات سے متعلق کل نقشہ دے دیا جائے گا جبکہ تجاوزات کو گرانا ہے اس لیے لوگ اپنا بندوبست کرلیں اور بے دخل لوگوں کو بسانا سندھ حکومت کا کام ہے.
وفاقی وزیر شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ دس بلین سے زائد رقم کراچی سرکلر ریلوے پرخرچ کرنے جا رہے ہیں، کراچی سرکلر ریلوے کا جائزہ لینے ہر پندرہ دن بعد کراچی آؤں گا، کے سی آر پر ہماری طرف سے کام شروع ہے.