عدل کے لیے بنائے گئے اداروںمیںظلم ہورہاہے‘مصطفی کمال

93

کراچی(نمائندہ جسارت) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ کہ مہاجروں کے لیے سندھی انصار کا درجہ رکھتے ہیں، ہم اپنی آئندہ آنے والی نسلوں کو بتا کر مریں گے کہ سندھیوں نے ہمارے آباؤ اجداد کو گلے سے لگایا، مہاجر اسلام کے نام پر بننے والی ریاست آئے اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت کو زندہ کیا جبکہ انہیں گلے لگا کر سندھیوں
نے انصار کی سنت پر عمل کیا۔ پاکستان کو ری بوٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ اس حالت میں یہ ملک نہیں چل سکتا، روزانہ 8 بچوں کیساتھ زیادتی رپورٹ ہورہی ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں۔ ہم نے عدل فراہم کرنے کے لیے جو عمارتیں بنائی ہیں وہاں ظلم ہو رہا ہے۔ کیا ظلم ہے کہ کہا جاتا ہے کہ ہم تو فیصلے کرتے ہیں انصاف اللہ کرتا ہے۔ ملک میں ڈھائی کروڑ بچہ اسکولوں سے باہر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی پر توجہ نہ دی گئی تو خدشہ ہے کہ معاملات ہر کسی کے ہاتھ سے نکل جائیں گے۔ کراچی میں مسائل کا انبار ہے جنکے حل کیلیے اصلاحات کی ضرورت ہے ملک میں اصلاحات کو سیاسی مفادات کی نذر کر دیا گیا ہے، پنجاب میں سیاسی مخالفین کے مضبوط ہونے کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے جا رہے، مؤثر بلدیاتی نظام کے نہ ہونے کے منفی اثرات ملک بھر میں مرتب ہو رہے ہیں،عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پسے ہوئے ہیں ، ادویات کی قیمتوں میں اضافہ حکومت کا ظالمانہ اقدام ہے، وزیراعظم عمران خان ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیں۔