ہیکرز کی کے الیکٹرک کو ڈیڈ لائن ختم ہونے پر ڈیٹا لیک کرنے کی دھمکی

311

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ہیکرز کی جانب سے کے الیکٹرک کو دی گئی ڈیڈ لائن آج ختم ہورہی ہے،ہیکرز نے کے الیکٹرک کو ڈیڈ لائن ختم ہونے پر ڈیٹا لیک کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔

کے الیکٹرک کا سسٹم 15 دن سے سائبر اٹیک کی زد میں ہے، ہیکرز نے کے الیکٹرک کو ڈیڈ لائن ختم ہونے پر ڈیٹا لیک کرنے کی دھمکی دے دی ہے،ہیکرز نے کے الیکٹرک انتظامیہ سے مبینہ طور پر 38 ملین ڈالرز کا مطالبہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ہیکرز نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں خفیہ دستاویز پبلک کردیں گے،سائبر اٹیک کے باعث کے الیکٹرک کا نظام تاحال مفلوج ہے۔

کے الیکٹرک کا بینکوں سے رابطہ، انٹرنل کمیونی کیشن،ای میل نظام بند ہے،واضح رہے کہ کے ای کا آئی ٹی سسٹم دو سال قبل اگست میں بھی ہیک ہوچکا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک نے ہیکرز نے نجات حاصل کرنے کے لیے بین الاقوامی ماہرین کی خدمات حاصل کررکھی ہیں۔

یاد رہے کہ کے الیکٹرک نے سائبر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے صارفین کے لیے اہم ہدایت جار ی کی تھی۔

کے الیکٹرک کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا تھا کہ رواں ہفتے کے آغاز پر کے الیکٹرک کے سسٹم پر سائبر حملہ کیا گیا جس کی وجہ سے ادارے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ترجمان کے مطابق سائبر حملے کے بعد احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے سسٹم کی حفاظت کو یقینی بنایا گیا ہے،بل کی ادائیگی کے حل، کال سینٹر سمیت تمام کسٹمر سروسز آپریشنل کو بحال کردیا گیا جبکہ غیر متعلقہ سروسز کو سسٹم سے ختم کردیا گیا ہے۔

کے الیکٹرک ترجمان کے مطابق بیشتر صارفین کو ویب سائٹ سے بلوں کی نقول حاصل کرنے کے لیے مشکلات کا سامنا ہے،اس ضمن میں متبادل سروسز کا آغاز کردیا گیا ہے۔