کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات واطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کے ڈی اے ملازمین کے تمام واجبات کی یکمشت ادائیگی کے لیے سندھ حکومت سے خصوصی پیکیج کے اجراء کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایات ہیں کہ نہ صرف ملازمین کی تنخواہوں بلکہ پینشنروں کو خصوصی طور پر وقت پر بلا تعطل ادائیگیوں کو یقینی بنایا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز سوک سینٹر میں 2020 کے دوسرے گورننگ باڈی کے اجلاس کو چیئرمین کی حیثیت سے چیئرکرتے ہوئے کیا اس موقع پر ممبران صوبائی اسمبلی و گورننگ باڈی کے ڈی اے راجہ عبد الرزاق،شمیم ممتاز،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نجم احمد شاہ،اور ڈی جی کے ڈی اے آصف اکرم کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ عوام کی سہولیات اور ریلیف کے لئے کے ڈی اے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے انہوں نے ہدایت دی کہ تمام افسران لوگوں کے مسائل کے حل کو ترجیح دیں۔کے ڈی اے کے دفاتر آنے والے کسی بھی شہری کو بلاوجہ تنگ نہ کیا جائے اور نہ ہی غیر ضروری طور پر انہیں دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور کیا جائے۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ ہر ممکن وسائل کی بروئے کار لاتے ہوئے کے ڈی اے کو دوبارہ ترقی کی بلندیوں کی طرف گامزن کیا جائے۔
انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آج گورننگ باڈی کے اجلاس میں ممبران کی جانب سے کافی معاملات کی منظوری دی گئی تاکہ ادارے میں بہتری لائی جا سکے کل ڈسٹرکٹ سنٹرل کا تفصیلی دورہ کیا تھا اور اسے ماڈل ضلع کے طور پر لیا گیا ہے وہاں پر گلیوں سڑکوں صفائی ستھرائی سیوریج کے پانی سمیت دیگر مسائل کو حل کیا جائے گا تمام بلدیاتی اداروں سے گوسٹ ملازمین میں کا خاتمہ کیا جائے گا۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ بلدیاتی اداروں میں گھوسٹ ملازمین کی کھوج لگانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے کیونکہ گوسٹ ملازمین نہ صرف اداروں پر بوجھ ہیں بلکہ حقدار کا حق مارنے کے ذمہ دار بھی ہیں جلد ہی ایسے ملازمین کے حوالے سے تفصیلات سب کے سامنے لائیں گے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام کو سستے گھروں کی فراہمی کے لئے کم لاگت ہاو ¿سنگ اسکیموں کو متعارف کرانے کی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے خصوصی ہدایات ہیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گیس کی کمی، بجلی کی بندش کے خلاف ایک لائحہ عمل کے تحت بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔
اجلاس میں سیکریٹری بلدیات نجم احمد شاہ نے واضح کیا کہ کے ڈی اے کے تحت ہونے والے پلاٹوں کی نیلامی کا طریقہ کار مکمل شفاف اور ضابطہ کار کے تحت کیا جائے ہر قانونی پہلو کی جانچ پڑتال اور تصدیق کے بعد ہی کسی بھی طرح کی نئی اسکیم یا منصوبہ شروع کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ادارے کے مالی معاملات اور ادائیگیوں میں کسی بھی قسم کا کوئی ابہام یا شک و شبہ نہیں رہنا چاہیے ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے آصف اکرم نے گورننگ باڈی ممبران کو بریفنگ دیتے ہوئے مختلف شعبہ اور معاملات کے حوالے سے تفصیلات بتائیں اور امید ظاہر کی کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی ہدایات اور رہنمائی میں کے ڈی اے کے ادارے کو ایک بار پھر عوام کی سہولیات کا ادارہ بنایا جائے گا اور اس کے لیے تمام محکموں کے سربراہان پر پرعزم ہیں۔